اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈولپمنٹ کے تازہ سروے میں 66فیصد پاکستانیوں نے ملک میں جمہوریت کے مجموعی معیار کو بہتر قراردیا ہے جبکہ 64فیصد جمہوری طور پرمنتخب حکومت کو پاکستان کے لیے بہترین نظام قراردیتے ہیں۔پلڈاٹ کی جانب سے کیے جانے والے جمہوریت کے معیارسے متعلق سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ پاکستانیوں کی بڑی تعدادنے فوجی ٹیک اوور مسترد کردیا۔ صرف 20فیصد پاکستانیوں کے نزدیک فوجی ٹیک اوور ملک کے لیے بہترہے جبکہ فوج 75فیصد ووٹوں کے ساتھ ملک کا مقبول ترین ادارہ ہے۔ صرف 33فیصد پاکستانیوں نے بیوروکریسی کوموثرقراردیا۔ 80 فیصد پاکستانی ملک میں بلدیاتی انتخابات کو اہم اور 64 فیصد آزاد میڈیا کا کردار مثبت سمجھتے ہیں۔سروے میں سپریم کورٹ اورہائی کورٹس 62فیصد، پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا 53 اور55فیصد کی ریٹنگ کے حامل رہے۔ ریاست کی خودمختاری کے تحفظ کے حق میں 33فیصد ووٹ ملے۔