اسلام آ باد(پی پی آ ئی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری پر قتل کی سازش کے شیخ رشید کے الزام کے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ ’غلیظ اور غیر اخلاقی‘ الفاظ استعمال کرنے پر کیا دفعہ لگتی ہے؟۔تفصیلات کے مطا بق شیخ رشید کی سندھ اور بلوچستان میں درج
مقدمات کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کی۔دورانِ سماعت جسٹس طارق محمود نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر بتائیں کہ ’غلیظ اور غیر اخلاقی‘ الفاظ استعمال کرنے پر کیا دفعہ لگتی ہے؟ ،جسٹس طارق نے تھانہ موچکو سندھ میں درج ایف آئی آر پڑھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر میں دھمکی کا لفظ نہیں، غلیظ اور غیر اخلاقی کے الفاظ استعمال کرنے کا لکھا ہے، 2 الفاظ غلیظ اور غیر اخلاقی کا ایف آئی آر میں ذکر ہے، ان پر کیا دفعہ لگتی ہے؟۔عدالت نے استفسار کیا کہ کدھر ہے لسبیلہ میں درج مقدمے کا مدعی؟۔لسبیلہ بلوچستان میں درج مقدمے کے مدعی عدالتی نوٹس کے باوجود پیش نہیں ہوئے، عدالت نے حکم دیا کہ آئی جی بلوچستان اور آر پی او آئندہ سماعت کے لئے مدعی کو نوٹس کی تعمیل کرائیں۔بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت مئی کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی۔