اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے والے کو عدالت سے دن رات ریلیف مل رہا ہے،عمران خان کی اہلیہ عوامی نمائندہ اور سرکاری عہدیدار نہیں تھیں تو مریم نواز شریف کے پاس کون سا عہدہ تھا؟ ،یہ ترازو کے پلڑوں کا فرق ہے،عمران خان نے پاکستان کو معاشی دلدل میں پھنسا دیا،ہم نے ہمیشہ ملک کو مشکل حالات سے نکالا ،
دوست ممالک کے خلاف سابق حکمرانوں نے بدزبانی کی، پچھلی حکومت کے آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے مہنگائی کی لہریں آ رہی ہیں،آئی ایم ایف کی آخری شرط پر بات چیت جاری ہے، ،میرا ایمان ہے حالات بدل جائینگے ،نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) ملک کو مسائل سے نکالیں گے،اسرائیل کے ساتھ تجارت شروع کرنے کا جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے جو قابل مذمت ہے، ، فلسطینیوں کو حق ملنے تک پاکستان اپنے اصولی موقف پر کاربند رہے گا جبکہ مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے اتفاق کیا ہے کہ ملک میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک وقت میں ہونے چاہئیں ۔ پیر کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک کو مشکل حالات سے نکالا ، حالات گھمبیر ہیں تاہم ہماری نیت صاف ہے،انشاء اللہ حالات بہتر ہوں گے ، میرا ایمان ہے کہ ایسا وقت آئے گا کہ حالات بدل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے وفاقی حکومت کے ہاتھ پاؤں باندھے ہوئے ہیں ، آئی ایم ایف کی پیشگی شرائط مان لی گئی ہیں ، پچھلی حکومت کے آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے مہنگائی کی لہریں آ رہی ہیں، آئی ایم ایف کی آخری شرط پر بات چیت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ 10 کروڑ غریب خاندانوں کو مفت آٹا فراہم کرنے کا آغاز کیا ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں غریبوں کو رمضان میں مفت آٹا فراہم کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ برادر ممالک پاکستان کی بڑی مدد کر رہے ہیں ،
وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں 2014 سے 2018 تک پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو سیلاب کی تباہ کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، 100 ارب روپے صرف وفاق سے سیلاب متاثرین کو دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو معاشی دلدل میں پھنسا دیا ، دوست ممالک کے خلاف سابق حکمرانوں نے بدزبانی کی ، چین کے منصوبوں پر سنگین الزامات لگائے گئے ،
عمران اور حواریوں نے کہاکہ چین کے منصوبوں میں 45 فیصد کرپشن ہوئی ،چین نے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی اور اسی مددگار دوست پر بھونڈے الزامات لگائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تجارت شروع کرنے کا جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے جو قابل مذمت ہے، ایک انفرادی شخص کا حکومت پاکستان کی پالیسی سے کیا تعلق ؟ ، فلسطینیوں کو حق ملنے تک پاکستان اپنے اصولی موقف پر کاربند رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو مشکلات میں مبتلا کیا، پاکستان کی ساکھ داؤ پر لگا دی، عمران خان نے سخت ترین شرائط پر آئی ایم ایف پروگرام پر دستخط کئے، پھر خود خلاف ورزی کرکے اس پروگرام کو معطل کر دیا ، عمران خان نے آئی ایم ایف پروگرام ناکام بنانے کی سازش کی، عمران خان کے وزیر رنگے ہاتھوں سازش کرتے پکڑے گئے ، عمران خان دور میں ججوں کو دھمکیاں ملیں، ریفرنس دائر ہوئے۔
وزیراعظم نے پارٹی ارکان کے عزم وہمت اور وفاداری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست بچانے کے لئے سیاست قربان کر دی ، پاکستان بچ گیا تو سب خیر ہے ، پاکستان کو ضعف پہنچے تو ہم سب نقصان میں ہیں ، انشاء اللہ وقت بدلے گا، نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) ملک کو مسائل سے نکالیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ معاشی بہتری کے لئے سیاسی استحکام لازم ہے ،
سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے والے کو عدالت سے دن رات ریلیف مل رہا ہے ، ہماری قیادت اور ارکان کے ساتھ رویہ کچھ اور تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ عوامی نمائندہ اور سرکاری عہدیدار نہیں تھیں تو مریم نواز شریف کے پاس کون سا عہدہ تھا؟ یہ ترازو کے پلڑوں کا فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج حقیقت میں تاریخ کے نازک ترین موڑ سے گزر رہا ہے ، سب کو مل کر فسطائیت کا مقابلہ کرنا ہوگا ،
آپ کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، دعا ہے کہ میری زندگی میں ملک معاشی تنگدستی سے نکل آئے یا کم ازکم اس میں بڑی حد تک بہتری آ جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی کے ارکان اور رہنماؤں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے مشکل ترین حالات میں قائد محمد نواز شریف اور پارٹی کا ڈٹ کر ساتھ دیا ، آپ مشکل ترین حالات میں چٹان بن کر پارٹی اور قیادت کے ساتھ کھڑے رہے، آپ پر فخر ہے۔ وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کو بریفنگ دی۔