کراچی(این این آئی) پی ٹی آئی کراچی کے سوشل میڈیا سیکریٹری محمد سلمان لاپتہ ہوگئے، گزشتہ روز پریس کلب پر مظاہرے میں شرکت کے بعد محمد سلمان سے اب تک اہلخانہ کا رابطہ نہیں ہوسکا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے
سوشل میڈیا سیکریٹری محمد سلمان لاپتہ ہوگئے۔ترجمان پی ٹی آئی کراچی کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ محمد سلمان نے گزشتہ روز کراچی پریس کلب پر مظاہرے میں شرکت کی تھی، مظاہرے کے بعد محمد سلمان سے اب تک اہلخانہ کا رابطہ نہیں ہوسکا جبکہ محمد سلمان کا موبائل نمبر بھی بند ہے۔اس حوالے سے پی ٹی آئی سوشل میڈیا سیکریٹری کے بھائی نے آرٹلری میدان تھانے میں درخواست جمع کرا دی ہے۔درخواست کے مطابق سلمان کے دوست و عزیزوں کے مطابق آخری بار رابطہ پریس کلب پر ہوا۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ محمد سلمان کے لاپتا ہونے پر اغوا کا مقدمہ درج کیا جائے۔پی ٹی آئی خرم شیرزمان نے سوشل میڈیا سیکرٹری کراچی محمدسلمان کی گمشدگی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محمدسلمان کی پراسرارگمشدگی تشویشناک ہے، محمدسلمان کوعمران خان کے نظریے پرچلنے کی سزادی جارہی ہے، سندھ حکومت سے مطالبہ کیا محمدسلمان کوفوری بازیاب کرایا جائے۔