اسلام آباد(این این آئی)وزارت خزانہ نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق ملک میں مہنگائی میں اضافے کا امکان ہے ۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک میں مہنگائی میں اضافے کا امکان ہے، بنیادی اشیاء کی طلب اور رسد میں فرق کے باعث مہنگائی
بڑھ رہی ہے جبکہ حالیہ ہفتوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے بھی مہنگائی بڑھی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ سیلاب کے اثرات کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوسکتا ہے البتہ مالی سال کے اختتام پر مہنگائی میں کمی کا امکان ہے۔وزارت خزانہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کوکامیابی سے مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابوکرکے زرمبادلہ کے ذخائرپردباؤ کم کیا جارہا ہے۔رپورٹ کے مطابق جولائی سے فروری تک ترسیلات زرمیں 10 فیصد کمی ہوئی، مالی سال کے 8 ماہ میں برآمدات میں9.7 اور درآمدات میں 21 فیصد کمی ہوئی، مالی سال کے 8 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 68 فیصد کم ہوا اور غیرملکی سرمایہ کاری میں 40.4 فیصد کمی ہوئی۔وزارت خزانہ کے مطابق 29 مارچ کو اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر4 ارب7 کروڑ60 لاکھ ڈالرز تھے اور 29 مارچ کو ڈالرکا ریٹ 283 روپے 92 پیسے تھا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 8 ماہ میں ایف بی آر ٹیکس وصولیوں میں 18.2 فیصد اضافہ ہوا جب کہ جولائی سے فروری تک بجٹ خسارہ میں 4 فیصد اضافہ ہوا۔