اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف منگل کو اسلام آباد میں کسانوں اور کاشتکاروں کیلئے ریلیف پیکیج کا اعلان کریں گے۔ یہ موجودہ حکومت کا پہلا جامع پیکیج ہوگا جس کا اعلان وزیراعظم کسانوں اور کاشتکاروں کی موجودگی میں کریں گے۔ ذرائع نے قومی اخبار کو بتایا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے یہ پیکیج تشکیل دیا ہے اور اس کا اعلان ”کسان کنونشن“ میں کیا جائے گا۔ جنگ رپورٹر صالح ظافر کے مطابق یہ کنونشن جناح کنونشن سینٹر میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیکیج میں سروس چارجز کم کیے جا رہے ہیں جن میں کھاد، کیڑے مار دوائیں، ٹیوب ویل کیلئے بجلی اور ٹریکٹروں کی قیمت شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے اقدامات کا اعلان بھی کریں گے جبکہ فصلوں کیلئے انشورنس اسکیم کا بھی اعلان کیا جائے گا۔