لاہور ( این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے لیے معاملات طے پا گئے جس کی تفصیلات کا اعلان بورڈ جلد کرے گا۔ذرائع کے مطابق مکی آرتھر کوچنگ اسٹاف کو لیڈ کریں گے، وہ اس سے قبل ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں، ان کے دور میں پاکستان نے
چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی، مکی آرتھر ڈربی شائر کے ساتھ بھی کام کرتے رہیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کو رواں ہفتے حتمی شکل دے جائے گی، اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے کوچنگ اسٹاف کے لیے معاملات تقریبا طے پا چکے ہیں، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے نیا کوچنگ اسٹاف ذمہ داریاں سنبھالے گا۔مکی آرتھر کے علاوہ گرانٹ بریڈ برن کو کوچنگ اسٹاف میں اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی، انہیں ہیڈ کوچ بنایا جا سکتا ہے جب کہ جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر مورنی مورکل کو بولنگ اور جنوبی افریقہ کے اینڈریو پیوٹک کو بیٹنگ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔مورنی مورکل 86ٹیسٹ 117ون ڈے اور 44ٹی ٹونٹی میچز کا تجربہ رکھتے ہیں جبکہ اینڈریو پیوٹک نے ایک ون ڈے میچ کھیلا ہوا ہے ۔نیوزی لینڈ کے گرانٹ بریڈ برن ماضی میں پاکستان کے فیلڈنگ کوچ اور این ایچ پی سی بی میں ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ رہ چکے ہیں، رائٹ آرم آف بریک گرانٹ بریڈ برن 7ٹیسٹ اور 11ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں۔دوسری جانب فزیو کلف ڈیکن اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ اور ڈرائکس سائمن ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز 14 اپریل سے شروع ہو رہی ہے۔