کراچی(نیوزڈیسک)ایک سال میں حکومت کی سب سے بڑی ناکامی، امن و امان کی ابتر صورتحال اور توانائی کے بدترین بحران کے باعث بیرونی تجارت میں پاکستان کو تین ارب ڈالر سے زائد خسارہ ہوا۔ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق رواں مالی سال جولائی اور اگست میں ملکی تجارتی خسارہ آٹھ اعشاریہ چار فیصد اضافے سے تین ارب اسی کروڑ ڈالر رہا۔ تاہم گذشتہ مالی سال کی نسبت خسارے میں چونتیس کروڑ ڈالر کمی ہوئی، دو ماہ کے دوران برآمدات دس فیصد کمی کے بعد تین ارب چالیس کروڑ ڈالر رہیں، جبکہ درآمدات کا حجم نو فیصد اضافے سے سات ارب بیس کروڑ ڈالر رہا۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر معاشی سست روی، عدم مسابقت، توانائی بحران، ڈالر کے مقابلے میں روپے پر دباﺅ اور ملکی پیداوار میں کمی تجارتی خسارے کے اہم اسباب ہیں۔