لاہور (آن لائن) وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی اور سینٹ سے منی بجٹ کی منظوری کے بعد گاڑیوں کی خریداری پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں 100 فیصد اضافہ کردیا ہے۔
جس کے بعد کسی بھی گاڑی کی خریداری پر گاڑی خریدنے والے شہری کو فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں کم سے کم 7 ہزار روپے اور زیادہ سے زیادہ 4 لاکھ 80 ہزار روپے اضافی رقم ادا کرنا پڑے گی۔ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے کے بعد لاہور کار ڈیلرز فیڈریشن نے وفاقی حکومت کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔ فیڈریشن کے صدر شہزادہ سلیم کے مطابق انہوں نے اس مسئلے پر آئندہ ہفتے فیڈریشن کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے جس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ایک ہزار سی سی کی گاڑی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح زیرو تھی جبکہ اضافے کے بعد خریدار کو 1 ہزار سی سی کی گاڑی خریدنے پر 7 ہزار روپے اضافی ادا کرنا ہونگے۔