اسلام آباد(این این آئی) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے خاتمے تک منحوس تبدیلی کے نام پر عوام کا معاشی قتل عام جاری رہے گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک میں نئی روایت ڈال دی گئی ہے، ہر 15 روز بعد آئی ایم ایف کے حکم پر پٹرول بم گرائے جارہے ہیں۔
ملک کو بنانا ری پبلک بنادیا گیا ہے اور پارلیمنٹ کی بجائے فیصلے آئی ایم ایف کے مسلط کردہ لوگ کررہے ہیں۔6ارب ڈالر کیلئے ملک کی معاشی خودمختاری کو داؤ پر لگادیا گیا ہے۔آئی ایم ایف جانے کی بجائے خودکشی پر ترجیح دینے والا شخص ملک کو دیوالیہ بناچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ حکومتیں بھی آئی ایم ایف گئی تھیں لیکن اس قسم کی بدحالی پاکستان کی تاریخ میں نہیں دیکھی گئی۔عوام خودکشیوں پر مجبور ہوچکے ہیں، انتہاپسند و دہشتگرد منظم ہورہے ہیں، حکومت سورہی ہے۔عوام کو سوشل میڈیا کے ذریعے سبزباغات دکھائے جارہے ہیں لیکن وزرائ� میں عوام کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں۔ اے این پی سربراہ نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے، عام انتخابات میں انکی ضمانتیں ضبط ہوں گی۔صوبوں کو حقوق سے محروم رکھ کر وزیراعظم کی کرسی کے اردگرد بیٹھے ہوئے افراد مزے کررہے ہیں۔پاکستان کی خودمختاری، پارلیمنٹ و آئین کی بالادستی اور معاشی ترقی کیلئے موجودہ حکومت کا جانا ناگزیر ہوچکا ہے۔