کابل (این این آئی)افغانستان میں حکمران طالبان تحریک نے کہا ہے کہ اس نے تقریبا تین ہزار ارکان کو ناجائز اور استحصالی اقدامات کے باعث سزا کے طور پر اپنی صفوں سے نکال دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک حکومتی اہلکار نے بتایاکہ ایسا طالبان کے گزشتہ برس اقتدار میں آنے کے بعد شروع کیے گئے جواب دہی کے
عمل کے دوران کیا گیا۔ افغان وزارت دفاع کے ایک پینل کے سربراہ لطیف اللہ حکیمی نے بتایا کہ مجموعی طور پر دو ہزار آٹھ سو چالیس ارکان کو طالبان تحریک سے نکالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ افراد افغانستان میں اسلامی حکومت کا نام بدنام کر رہے تھے اور اپنی صفوں میں صفائی کے اس عمل کا مقصد مستقبل میں بہتر فوج اور موثر پولیس کی تشکیل ہے۔