اسلام آباد (این این آئی)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس مکمل ٹھپ ا ور88 کروڑ 30 لاکھ سے زائد اور فرسٹ ویمن بینک کو 1996 میں 31 کروڑ روپے کے نقصان کا انکشاف ہوا ۔سینٹر شمیم آفریدی کی زیر صدارت سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا جس میں بتایاگیا ہے کہ 63 ایکڑ پر مشتمل
حکومتی ادارہ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کھنڈرات میں تبدیل ہوگیا ،۔ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس مکمل ٹھپ، 88 کروڑ 30 لاکھ سے زائد کا نقصان ہونے کا انکشاف ہوا ۔ سیکرٹری نجکاری نے کہاکہ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس نے 50 کروڑ روپے کا قرض بھی ادا کرنا ہے،نجکاری کمیشن حکام نے بتایاکہ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کا نقصان سالانہ بنیادوں پر بڑھ رہا ہے، ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس نے گزشتہ سال کوئی ٹرانسفارمر بھی نہ بنایا، ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس نے صرف ایک ٹرانسفر کی مرمت کی۔ نجکاری کمیشن نے کہاکہ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کے اڑھائی سو ملازمین ادارے پر بوجھ ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ نجکاری کے بعد وہاں دوسری فیکٹری لگانے کی اجازت مل سکتی ہے۔ نجکاری کمیشن حکام نے بتایا کہ ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کو مکمل فروخت کر دیا جائے گا۔ حکام نے بتایاکہ 7 میں سے 6 کمپنیاں ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری کیلئے اہل ہیں، ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی ریزرو پرائس کابینہ کی نجکاری
کمیٹی میں زیرغور ہے۔ اجلاس میں فرسٹ ویمن بینک کو 1996 میں 31 کروڑ روپے کے نقصان کا انکشاف ہوا ۔ نجکاری ڈویژن حکام نے بتایاکہ نقصان کو پورا کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک سے پیسے لئے گئے، نقصان کے بعد حکومت کو بینک کی نجکاری کا خیال آیا۔ وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہاکہ بینک کا بورڈ نہ ہونے سے 3 سال تک بینک کا آڈٹ
نہیں ہوا، ابھی فرسٹ ویمن بینک کا بورڈ بنایا گیا ہے جس کے بعد آڈٹ شروع کیا گیا ہے۔ نجکاری ڈویژن حکام نے بتایاکہ اس وقت 53 کروڑ روپے سے زائد کا بینک کا سالانہ منافع ہے، فرسٹ ویمن بینک کی 42 برانچز کی ملکیت بینک کی ہے باقی رینٹ پر ہیں۔ کمیٹی رکن سینیٹر عون عباس بپی نے کہاکہ 2018 میں نجکاری کا فیصلہ ہوا اور مالیاتی مشیر کی تعیناتی
میں 10 ماہ لگ گئے، پاکستان میں کسی بھی کام کو کرنے میں تاخیر کردی جاتی ہے۔ وزیر نجکاری محمد میاں سومرو نے کہاکہ بورڈ موجود نہیں تھا ابھی بھی فرسٹ ویمن بینک کا چیف ایگزیکٹیو نہیں ہے۔ نجکار ی ڈویژن نے کہاکہ ستمبر 2021 میں فرسٹ ویمن بینک کا بورڈ بنایا گیا۔ وزیر نجکاری نے کہاکہ دسمبر 2022 تک فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کی تاریخ دی گئی۔ وزیر نجکاری نے کہاکہ وزرائے خزانہ کی تبدیلی نے نجکاری کے عمل کو متاثر کیا ہے۔ وزیر نجکاری نے شکوہ کیا کہ وزارتیں نجکاری میں تعاون میں تاخیر کرتی ہیں، کسی بھی وزارت کا قانونی مشیر اپنی توضیحات پیش کرتا ہے۔