بھارتی کرکٹ ٹیم ون ڈے انٹرنیشنل میں مسلسل 20 ٹاس ہار نے والی پہلی ٹیم بن گئی ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت کے قائم مقام کپتان کے ایل راہول نے تسلیم کیا کہ وہ اس ناقابلِ فہم بدقسمتی پر حیران ہیں، جو 2023 ورلڈ کپ فائنل (احمد آباد) سے شروع ہوئی تھی، جب روہت شرما ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔3 دسمبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف رائے پور میں دوسرے ون ڈے میں ایک بار پھر ٹاس ہارنے کے بعد راہول نے کہا کہ میں پریکٹس کر رہا تھا لیکن صاف ظاہر ہے کہ وہ پریکٹس کام نہیں آئی۔20 ٹاس مسلسل ہارنے کے امکانات 10 لاکھ میں سے ایک سے بھی کم ہیں، ایک ایسا شماریاتی اتفاق جس کا خاتمہ راہول 6 دسمبر کو ویزاگ میں ہونے والے تیسرے ون ڈے میں کرنا چاہتے ہیں۔
کے ایل راہول نے کہا کہ ایمانداری سے کہوں تو مجھے سب سے زیادہ دباؤ اسی چیز کا ہے کیونکہ ہم بہت عرصے سے ٹاس نہیں جیتے، انہوں نے یہ بات اْس وقت کی جب دوسری جانب پروٹیز کپتان ٹیمبا باووما نے ایک بار پھر درست کال کر کے ٹاس جیت لیا تھا۔تین بھارتی کپتانوں روہت شرما، مستقل ون ڈے کپتان شبھمن گل اور کے ایل راہول، سب 15 نومبر 2023 کو ممبئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ سیمی فائنل کے بعد سے ایک بھی ٹاس نہیں جیت سکے، نیوزی لینڈ کے خلاف اْس ٹاس کے بعد سے بھارت کے ہاتھ ناکامی ہی آئی ہے۔بیٹنگ لیجنڈ سنیل گواسکر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راہول کہہ رہے تھے کہ وہ پریکٹس کر رہے لیکن آپ کو کیسے پتا کہ مخالف کپتان کیا کال کرے گا ؟انہوں نے کہا کہ پہلے میچ میں ایڈن مارکرم کپتان تھا، ممکن ہے مارکرم ہیڈز پسند کرتا ہو اور ٹیمبا باووما ‘ٹیلز کو ترجیح دیتا ہو۔سابق جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین نے بتایا کہ فاف ڈو پلیسی نے ایک بار طویل ہار کے سلسلے کے بعد ٹمبا باووما سے کہا تھا کہ وہ اس کی جگہ ٹاس کرے۔ڈیل اسٹین نے کہا کہ میں نے پہلی بار دیکھا تھا کہ ایک کپتان کسی اور کھلاڑی سے ٹاس کروا رہا تھا تاہم ٹیمبا باووما وہ ٹاس بھی ہار گیا تھا۔















































