لاہور(این این آئی)ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) سالانہ اجلاس سے متعلق کشیدگی بڑھنے لگی ہے، مخالفت میں بھارت کھل کر سامنے آگیا۔ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے لیے رکن ممالک کے ساتھ لابنگ شروع کردی۔بھارت کی جانب سے رکن ممالک کو اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے لیے پرکشش آفرز کی جارہی ہیں، آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے بھی لابنگ شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق رکن ممالک کو ڈھاکا اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر زور ڈالا جارہا ہے، بھارتی حکومت رکن ممالک کو اجلاس کے خلاف خط لکھنے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔سری لنکا کے بعد اومان نے بھی بھارت کی حمایت کردی ہے لیکن رکن ممالک کی اکثریت ڈھاکا میں اجلاس چاہتی ہے۔واضح رہے کہ صدر اے سی سی محسن نقوی نے 24 جولائی کو اجلاس طلب کررکھا ہے، رکن ممالک اجلاس کے لیے 23 جولائی کو ڈھاکا میں اکٹھے ہوں گے، بھارت اور سری لنکا نے اجلاس ملتوی کرنے، وینیو تبدیل کرنے کا کہہ دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت، بنگلادیش میں اجلاس ہونے کی وجہ سے مخالفت کررہا ہے۔