اسلام آباد (نیوز ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر احسان اللہ نے اپنے سابقہ بیانات پر معذرت کرتے ہوئے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ اب وہ ٹک ٹاک یا فیس بک پر ویڈیوز شیئر نہیں کریں گے۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے احسان اللہ نے کہا کہ ماضی میں ان سے جو نامناسب باتیں ہوئیں، وہ ان پر معافی کے طلبگار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب اپنی پوری توجہ صرف کرکٹ پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں اور سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرلی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عبد اللہ ان کے شاگرد ہیں اور ان کے اور عبد اللہ کے خاندان کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں۔ “عبد اللہ کے بڑے بھائی سے میری دوستی ہے، اور شاگرد کا رشتہ استاد سے ویسا ہی ہوتا ہے جیسے بیٹے کا باپ سے۔ لوگوں سے گزارش ہے کہ میرے بارے میں غلط فہمیاں نہ پھیلائیں اور گمراہ کن پوسٹس سے اجتناب کریں۔”احسان اللہ کا کہنا تھا کہ وہ اب سوشل میڈیا پر ایک سال تک سرگرم نہیں ہوں گے، اور اگر اس دوران کوئی ان کی ویڈیوز اپ لوڈ کرے تو اس کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ انہیں بدنام کرنے کی بجائے ان کا ساتھ دیں۔یاد رہے کہ احسان اللہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ عبد اللہ کی واپسی کی بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے تھے۔ اس بیان کو سوشل میڈیا پر غلط انداز میں پیش کیا گیا، جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ اب وہ چاہتے ہیں کہ اس تنازعے کو ختم کر کے وہ اپنی بولنگ اور کھیل پر دوبارہ توجہ دیں۔