اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل ٹی20 کپ کا آغاز 14 مارچ سے ہوگا، جہاں تجربہ کار کھلاڑی ایک بار پھر ایکشن میں نظر آئیں گے۔ اس ٹورنامنٹ میں 16 ریجنز کی 18 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، اور مجموعی طور پر 39 میچز فیصل آباد، لاہور اور ملتان کے مختلف میدانوں میں کھیلے جائیں گے۔
اس بار ایونٹ میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم حصہ نہیں لے رہے، کیونکہ ان کا نام کسی بھی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ کچھ دن قبل ان کے والد، اعظم صدیقی، نے انسٹاگرام پر اشارہ دیا تھا کہ بابر اعظم نیشنل ٹی20 کپ میں اپنی فارم بحال کرنے کے لیے شرکت کریں گے، تاہم حتمی اسکواڈز میں ان کا نام شامل نہ ہونے پر مداحوں کو حیرت ہوئی۔ یاد رہے کہ بابر اعظم کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے بھی قومی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔
اسی طرح، نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 اسکواڈ میں جگہ نہ پانے والے محمد رضوان بھی نیشنل ٹی20 کپ میں نہیں کھیل رہے۔ تاہم، سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک 43 سال کی عمر میں بھی سیالکوٹ ریجن کی نمائندگی کرتے دکھائی دیں گے۔ حیران کن طور پر سیالکوٹ ریجن کے نوجوان کھلاڑی اذان اویس اور شاہزیب بھٹی کو نظر انداز کر دیا گیا ہے، جس پر سوشل میڈیا صارفین خاصی تنقید کر رہے ہیں۔ خاص طور پر قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں شاندار کارکردگی دکھانے والے شاہزیب بھٹی کو اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
ادھر، سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض نے تنقید کے بعد نیشنل ٹی20 کپ میں نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد لاہور وائٹس نے ان کی جگہ نوجوان فاسٹ بولر احمد بشیر کو 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔
نیشنل ٹی20 کپ میں کچھ حیران کن انتخاب اور کچھ غیر متوقع فیصلے دیکھنے میں آئے ہیں، جس پر کرکٹ شائقین سوشل میڈیا پر بھرپور ردعمل دے رہے ہیں۔