اسلام آباد(نیوزڈیسک)کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 91 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جس کے جواب میں میزبان ٹیم نے مطلوبہ ہدف 11 ویں اوور میں محض ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
نیوزی لینڈ کے بلے باز ٹم سائفرٹ 44 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر نمایاں رہے، جبکہ فن ایلن 29 اور ٹم رابنسن 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ ابرار احمد نے حاصل کی۔اس سے قبل، نیوزی لینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، لیکن قومی ٹیم کی بیٹنگ بری طرح ناکام رہی۔ میچ کے آغاز سے ہی مشکلات کا سامنا رہا اور صرف 14 کے مجموعی اسکور پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔محمد حارث اور حسن نواز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، عرفان خان نے صرف 1 جبکہ شاداب خان 3 رنز بنا کر چلتے بنے۔
خوشدل شاہ 32 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ سلمان علی آغا نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔نیوزی لینڈ کی باؤلنگ شاندار رہی، جیکب ڈفی نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، کائل جیمیسن نے 3 اور اش سوڈھی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایک وکٹ زیرکے فالکس کے حصے میں آئی۔پاکستان کی جانب سے اس میچ میں تین کھلاڑیوں، عبدالصمد، محمد علی اور حسن نواز نے ڈیبیو کیا۔پانچ میچوں پر مشتمل اس سیریز میں نیوزی لینڈ نے 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔