اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان دبئی میں شیڈول چمپیئنز ٹرافی کے فائنل پر تقریباً 5 ہزار کروڑ بھارتی روپے کی سٹہ بازی کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل بکیز نے بھارت کو اس میچ میں فیورٹ قرار دیا، جب کہ انڈر ورلڈ سے جڑے متعدد سٹے بازوں کا کہنا ہے کہ بڑے مقابلوں کے دوران دنیا بھر کے مشہور بکیز دبئی کا رخ کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دبئی میں کرکٹ میچوں پر شرط لگانے میں مشہور انڈر ورلڈ گروہ “ڈی کمپنی” کا بھی عمل دخل ہوتا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چمپیئنز ٹرافی کے دوران دہلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 بڑے بکیز کو گرفتار کر لیا۔ یہ افراد سیمی فائنل کے دوران جوا کھیل رہے تھے، اور تفتیش کے نتیجے میں دبئی میں جاری نیٹ ورک کا سراغ ملا۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ گرفتار ہونے والے دو بکیز، پروین کوچر اور سنجے کمار، بھارت اور آسٹریلیا کے سیمی فائنل میچ پر سٹہ لگا رہے تھے۔ پروین کوچر نے اس غیر قانونی سرگرمی کے لیے ماہانہ 35 ہزار روپے کرایے پر ایک مکان حاصل کر رکھا تھا اور ہر میچ میں لاکھوں روپے کا منافع کماتا تھا۔ دورانِ تفتیش اس نے اعتراف کیا کہ سارا نیٹ ورک دبئی سے کنٹرول ہوتا ہے۔ پولیس نے گرفتار افراد سے نقدی، لیپ ٹاپ، الیکٹرانک ڈیوائسز اور دیگر اہم شواہد برآمد کر لیے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان چمپیئنز ٹرافی کا فائنل دبئی میں اتوار کو کھیلا جائے گا۔ بھارت نے پورے ٹورنامنٹ میں اب تک کوئی میچ نہیں ہارا، جبکہ نیوزی لینڈ کو واحد شکست بھارت کے خلاف ہوئی تھی۔ بھارتی ٹیم نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو ہرایا، جب کہ نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو لاہور میں شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔