نئی دہلی (این این آئی)سابق بھارتی کرکٹرز کو ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کی جیت کی خوشی اور پاکستانی کھلاڑیوں کا مذاق اْڑانے کی غرض سے بنائی گئی ویڈیو مہنگی پڑ گئی۔سوشل میڈیا پر مذکورہ ویڈیو وائرل ہوتے ہی ناصرف ویڈیو ڈیلیٹ کرنی پڑی بلکہ اس پر معافی بھی مانگنی پڑی اور اب مقدمے کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر سابق بھارتی کھلاڑی ہربھجن سنگھ نے ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں ان کے علاوہ یوراج سنگھ، سریش رائنا اور گورکیرت مان جلد ہی ریلیز ہونے والی فلم ‘بیڈ نیوز’ کے مقبول گانے ‘توبہ توبہ’ پر لنگڑاتے ہوئے چلنے کی اداکاری کر رہے ہیں۔
اب اس ویڈیو کو ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے تاہم ہربھجن سنگھ نے ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں اداکار وکی کوشل اور گلوکار کرن آوجلہ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ لیجنڈز کرکٹ کے 15 دنوں میں باڈی کی توبہ توبہ ہو گئی ہے، جسم کا انگ انگ دکھ رہا ہے۔ویڈیو وائرل ہوئی تو سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی کرکٹرز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستانی کھلاڑی کی تضحیک سے زیادہ معذور افراد کا مذاق اْڑانے کے مترادف قرار دیا۔ابتداً بھارت کے پیرا بیڈمنٹن اسٹار مناسی جوشی نے اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی کرکٹرز کے اس اقدام کوبے حسی قرار دیا اور لکھا کہ آپ جیسے کھلاڑیوں سے ذمے دارانہ رویے کی توقع تھی، یہ کوئی مذاق نہیں ہے، معذور افراد کی توہین نہ کریں، آپ کی اس ریل سے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہو گی کہ معذور افراد کا مذاق اڑانے میں کوئی کمی باقی نہیں رہے گی، اس ریل کا استعمال کرتے ہوئے کئی معذور بچوں اور نوجوانوں کو تنگ کیا جائے گا۔معاملہ سنگین صورتِ حال اختیار کرنے لگا تو ہربھجن سنگھ نے ویڈیو ڈیلیٹ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پیغام شیئر کیا، معافی بھی مانگی اور لکھا کہ ہمارا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔
انہوں نے لکھا کہ انگلینڈ میں چیمپئن شپ جیتنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین ہماری توبہ ‘توبہ کی حالیہ ویڈیوز پر تنقید کر رہے ہیں، انہیں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہم ہر فرد اور برادری کا احترام کرتے ہیں۔انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ ویڈیو کا مقصد صرف یہ دکھانا تھا کہ 15 دن تک مسلسل کرکٹ کھیلنے کے بعد تھکاوٹ کے باعث ہمارے جسم کا کیا حال ہو رہا ہے۔ہربھجن نے لکھا کہ ہمارا ارادہ کسی کی توہین یا دل آزاری نہیں تھا لیکن اگر آپ کو لگتا ہے کہ ہم نے کچھ غلط کیا ہے تو میں اپنی طرف سے معافی مانگتا ہوں اور اب اس بات کو یہیں ختم کریں اور خوش رہیں تاہم معاملہ یہاں ختم نہیں ہوا بلکہ توبہ توبہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اب معذور افراد کے حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپ نیشنل سینٹر فار پروموشن آف ایمپلائمنٹ فار ڈس ایبلڈ پیپل (این سی پی ای ڈی پی) کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ارمان علی نے اسے معذور افراد کے حقوق کے قانون 2016ء کے سیکشن 92 کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان کرکٹرز کے خلاف شکایت درج کروا دی ہے۔