لاہور (این این آئی)کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے اسکواڈ کے اعلان سے قبل قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ٹیکنیکل کمیٹی سے مستعفی ہوگئے ۔پاکستان کرکٹ کمیٹی کے اعزازی ممبر کے طور پر خدمات انجام دینے والے محمد حفیظ نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر بورڈ کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا شکریہ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔محمد حفیظ دو ماہ سے بھی کم عرصے تک کمیٹی کا حصہ رہے، وہ گزشتہ روز ذکا اشرف کی زیر صدارت ہونے والے مینجمنٹ اجلاس کا بھی حصہ تھے جہاں ایشیا کپ 2023 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔بعدازاں گزشتہ روز ہی محمد حفیظ نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ میں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی ٹیکنیکل کمیٹی سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، میں اعزازی رکن کے طور پر کام کر رہا تھا۔
انہوں نے لکھا کہ میں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے موقع دیا۔انہوں نے کہا کہ میری پاکستان کرکٹ کے ساتھ ہمیشہ کی طرح نیک خواہشات رہیں گی۔یاد رہے کہ پی سی بی نے گزشتہ ماہ سابق ٹیسٹ کرکٹر مصباح الحق کو ہائی پروفائل کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا تھا۔کمیٹی میں سابق ٹیسٹ کرکٹرز انضمام الحق اور محمد حفیظ شامل تھے تاہم بعد میں انضمام الحق کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا تھا۔کمیٹی کو کرکٹ سے متعلق معاملات پر سفارشات فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا تھاجس میں مجموعی ڈومیسٹک اسٹرکچر، شیڈولنگ، پلیئنگ کنڈیشنز، قومی سلیکشن کمیٹیوں کی تقرری، قومی ٹیم کے کوچز کی تقرری، سینٹرل اور ڈومیسٹک کانٹریکٹ اور دیگر شامل ہیں۔