اسلام آباد (این این آئی)پاکستان اور انگلینڈ کے سابق عظیم کرکٹرز بھی بابر اعظم کی بیٹنگ کے مداح ہوگئے، مانچسٹر ٹیسٹ میں ناقابل شکست 69 رنز اسکور کرنے کے بعد ان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے گئے۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان کے مطابق بابر اعظم یقینی طور پر دنیا کے بہترین ٹیسٹ کرکٹرز میں سے ایک ہیں، وہ جس انداز سے کھیلتے ہیں مجھے بہت پسند ہے۔
سابق انگلش کپتان ناصر حسین نے بھی بابراعظم کو ورلڈ کلاس بیٹسمین قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ بابر وائٹ بال ہی نہیں ریڈ بال کرکٹ میں بھی ورلڈ کلاس ہیں۔سوئنگ کے سلطان اور قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ بابراعظم نے بیٹسمین کی حیثیت سے خود کو بہت بہتر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بابراعظم پرْاعتماد ہے، وہ کبھی اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوتا اور یہی عظیم کھلاڑی کی نشانی ہوتی ہے۔وسیم اکرم نے کہا کہ بابر اعظم درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ قومی ٹیم کے مایہ ناز بیٹسمین بابر اعظم ٹیسٹ میچز کی مسلسل پانچ اننگز میں نصف سنچری اسکور کرنے والے ساتویںپاکستانی بیٹسمین بن گئے۔ انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر ٹیسٹ کے پہلے روز بابر اعظم نے شاندار نصف سنچری اسکور کرکے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔مانچسٹر ٹیسٹ کے پہلے روز عابد علی اور اظہر علی کے آوٹ ہونے کے بعد بابر اعظم نے مشکل وقت میں بیٹنگ لائن کو سہارا دیا، اور پر اعتماد انداز میں انگلش بولرز کا مقابلہ کرکے اپنی نصف سنچری اسکورکی.بابر اعظم نے مسلسل پانچویں ٹیسٹ اننگز میں نصف سنچری اسکور کی اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے ساتویں پاکستانی بیٹسمین بن گئے.اس سے قبل ظہیر عباس، سعید انور، انضمام الحق، محمد یوسف، مصباح الحق اور سرفراز احمد بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں.واضح رہے کہ بابر اعظم کی ان پانچ اننگز میں تین سنچریاں اور دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔