لندن (این این آئی)ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر آندرے رسل نے پاکستان کے خلاف کھیلے گئے میچ کے بعد خود کو میڈیم پیسر کی جگہ فاسٹ باؤلر کہلانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔پاکستان کو 7 وکٹ سے ہرانے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ میں اس ٹیم میں بلے بازی کے لیے منتخب ہوا ہوں لیکن کئی افراد بھول چکے ہیں کہ میں فاسٹ باؤلر بھی ہوں۔انہوںنے کہاکہ میں گزشتہ کچھ عرصے سے پریشان ہوں کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ میں میڈیم پیسر ہوں۔انہوں نے کہا کہ جب میں اسکرین پر دیکھتا ہوں اپنے نام کے آگے
میڈیم پیسر توسوچتا ہوں کہ یہ کس کے بارے میں بات کر رہے ہیں؟۔انہوں نے اس بات کا ثبوت پاکستان کے خلاف ہونے والے میچ میں دیا جو کام کرگیا۔انہوں نے 3 اوور میں 2 وکٹیں لیں جن میں سب سے اہم فخر زمان کی وکٹ بھی شامل تھی۔میچ میں آندرے رسل نے 90 میل فی گھنٹی (145 کلومیٹر فی گھنٹہ) سے زیادہ رفتار سے باؤلنگ کرائی۔آندرے رسل نے کہاکہ میں نے ثابت کیا کہ میں 90 میل کی رفتار سے گیند کراسکتا ہوں اور مجھے لگتا ہے کہ میرے نام کے آگے میڈیم پیسر کو ہٹا کر فاسٹ باؤلر لکھنا چاہیے۔