سائوتھمپٹن (این این آئی )انگلش کپتان اور سٹار بلے باز ایوان مورگن نے پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ٹیم کی کارکردگی دیکھنے کے بعد اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے حتمی سکواڈ کا چنائو بہت مشکل ہو گا۔انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف رواں ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کیلئے 17 رکنی سکواڈ کا انتخاب کر رکھا ہے اور وہ بائولرز کو روٹیٹ کرتے ہیں تاکہ میگا ٹورنامنٹ کیلئے متوازن ٹیم کا چنائو ممکن بنایا جا سکے، پہلے ون ڈے میں جوفرا آرچر کو آزمایا گیا جبکہ دوسرے ون ڈے میں آرچر کو
ڈراپ کر کے ڈیوڈ ویلے کو موقع دیا گیا، دونوں کی کارکردگی تسلی بخش رہی ہے۔مورگن نے کہا کہ میرے خیال میں ڈیوڈ ویلے سمیت دیگر بائولرز نے پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میں اچھی بائولنگ کی، کرس ووکس اور لیام پلنکٹ نے بھی اپنا کیس مضبوط بنا لیا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمیں ورلڈ کپ کیلئے دو کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنا ہو گا اور میرے نزدیک یہ ایک مشکل فیصلہ ہو گا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہو گی کہ ورلڈ کپ کیلئے مضبوط اور متوازن سکواڈ تشکیل دیا جائے تاکہ ٹیم عالمی ٹائٹل جیت سکے۔