لاہور(این این آئی) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پرو ہاکی لیگ میں عد م شرکت پر عائد جرمانے کے فیصلے پر نظر ثانی کیلئے انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن سے رابطہ کر لیا ۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف کی جانب سے آئی ایچ ایف سے رابطہ کر کے موقف اپنایا گیا ہے کہ پاکستان ہاکی
اس وقت شدید مالی مشکلات کا شکار ہے، فنڈز کی عدم فراہمی کے سب ہاکی ٹیم پرولیگ میں شرکت سے محروم رہی ۔پی ایچ ایف نے موقف اپنایا ہے کہ پاکستان کا بین الاقوامی ہاکی میں اہم مقام ہے اس لئے استدعا ہے کہ جرمانے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایچ ایف کی جانب سے پی ایچ ایف پر عائد جرمانہ معاف کئے جانے کا امکان ہے ۔علاوہ از ین پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈکا اجلاس آج ( پیر) کے روز منعقد ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں نامزد سیکرٹری آصف باجوہ کے نام کی منظوری دی جائے گی۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں منظوری کے بعدآصف باجوہ کو بطور سیکرٹری فیصلے کرنے کا اختیار مل جائے گا ۔ شہباز احمد سینئر کی برطرفی کے بعد پی ایچ ایف کے صدر نے آصف باجوہ کا نام پیش کیا تھا۔ آصف پ2008سے 2013ء تک بطور سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔