کرائسٹ چرچ (این این آئی)نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مسجد میں فائرنگ کے واقعے کے بعد نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان (آج) ہفتہ سے شروع ہونے والاا تیسرا اور آخری ٹیسٹ منسوخ کر نے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کے علاقے
ڈینز ایونیو کی مسجد میں حملہ آور نے اس وقت فائرنگ کی جب نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جن میں بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی شامل تھے۔ فائرنگ کے واقعے میں تمام بنگلادیشی کرکٹرز محفوظ رہے جس کی تصدیق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی کی ۔ کیویز بورڈ نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز نے باہمی رضا مندی سے (آج) ہفتہ کو کھیلا جانے والا ہیگلے اوول ٹیسٹ منسوخ کر نے کا فیصلہ کیاگیا ۔ کیویز بورڈ نے تصدیق کی کہ دونوں ٹیمیں اور سٹاف محفوظ ہے۔ ہیگلے اوول ٹیسٹ کی منسوخی کے بعد بنگلادیش کا دورہ نیوزی لینڈ بھی ختم ہوگیا جس کے بعد مہمان ٹیم نے واپسی کے انتظامات شروع کردئیے۔بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق کھلاڑی اس وقت کرائسٹ چرچ میں سخت پریشانی میں ہیں جن کی واپسی کے لیے سفری انتظامات ہنگامی بنیادوں پر کیے جا رہے ہیں۔