کراچی (این این آئی)آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے نے کہا ہے کہ یو اے ای میں کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز کے دوران نوجوان پیسرحسنین کا سامنا کرتے ہوئے آسٹریلوی بیٹسمینوں کو مشکل پیش آئے گی۔ایک انٹرویو میں شین واٹسن نے کہا کہ کبھی کسی بولر کو 18 سال کی عمر میں اتنی برق رفتار گیندیں کرتے نہیں دیکھا، حسنین کا لینتھ پر کنٹرول اور سوئنگ بھی حیران کن ہے، پیس میں بڑی مہارت سے تبدیلی کرنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔ عمراکمل جیسے میچ ونر کی پاکستانی اسکواڈ میں واپسی بھی خوش آئند ہے۔
میرے لئے بڑی حیران کن بات ہے کہ کسی کی فٹنس اس کی مہارت کی راہ میں رکاوٹ بن جائے، عمراکمل وکٹوں کے درمیان تیزی سے دوڑ سکتے ہیں، مشکل وقت میں رنز بنا سکتے ہیں۔شین واٹسن نے کہا کہ کسی دور میں آسٹریلیا میں بھی فٹنس پر زیادہ ہی توجہ دی گئی تھی جبکہ کرکٹ میں صلاحیت کی خاص اہمیت ہے، اس کھیل میں ورلڈ کلاس مہارت رکھنے والے زیادہ لوگ نہیں ہیں، اگر ہیں تو ان کو فٹنس ٹیسٹ یا تیز دوڑ کے معاملات میں الجھانے کے بجائے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا موقع ملنا چاہیے۔