لاہور(آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کی دعوت پر افغانستان کی ٹیم نے ورلڈکپ کے بعد دورہ پاکستان کا گرین سگنل دے دیا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغان حکام کو پاکستان آکر کھیلنے کی دعوت گزشتہ دنوں دی تھی جس پر بڑی پیشرفت سامنے آئی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے افغانستان کے کرکٹ بورڈ کو پاکستان آکر کھیلنے کی دعوت دی تھی جس پر انہوں نے رضامندی ظاہر کردی۔چیئرمین افغان کرکٹ بورڈ عزیز اللہ فضلی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں سیریز کی دعوت دی تاہم ہم ورلڈکپ 2019 ء4 کے بعد سیریز کھیلنے کا فیصلہ کریں گے۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومتی اقدامات کیوجہ بین الاقوامی کرکٹ کی بہاریں پاکستان میں لوٹنے لگیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن فور کھیلنے والے تقریباً تمام ہی غیر ملکی کھلاڑی بلا خوف و خطر پاکستان آئے۔قبل ازیں دو غیر ملکی ٹیموں نے بھی دورہ پاکستان کی تاریخوں کا اعلان کیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ایسوسی ایٹ کی ممبر مالدیپ کی کرکٹ ٹیم 10 روزہ دورے پر 19 مارچ کو پاکستان پہنچے گی،سابق پاکستانی کرکٹر آصف خان اور مالدیپ کی ٹیم کے کوچ نے پی سی بی کی دعوت پر گرین سگنل دیا تھا۔مالدیپ کی ٹیم اکیڈمی اور جونیئر ٹیموں کیخلاف میچزکھیلے گی جن میں سے چار کراچی میں ہوں گے۔ سویڈن کی کرکٹ ٹیم نے بھی اپریل میں دورہ پاکستان کی حامی بھری۔