اسلام آباد (این این آئی)پاکستان سپر لیگ 2019 کے میچوں کے کراچی میں کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کیلئے منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔پی سی بی ذرائع نے بتایا کہ بورڈ رواں سال اکتوبر میں سری لنکا کے خلاف سیریز کے اکثر میچوں کی پاکستان میں میزبانی کی امید کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس سیریز کے اکثر میچوں کی
پاکستان میں میزبانی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، چند ٹی20 میچز کے ساتھ ہماری اصل توجہ پاکستان میں 10سال کے طویل وقفے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر مرکوز ہے۔یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں کیے گئے دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس کے بعد سے پاکستان کو اپنی تمام ہوم سیریز نیوٹرل مقام پر کھیلنی پڑیں۔پاکستان سپر لیگ کی بدولت پی سی بی نے چند ٹیموں کو قائل کر کے ملک میں ٹی20 سیریز تو کھیل لی تاہم 10سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود پاکستان میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی بنگلہ دیشی بورڈ کو ون ڈے یا ٹی 20 سیریز پاکستان میں کھیلنے کی تجویز پیش کرنے کی بھی منصوبہ بندی کررہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے سربراہ نظم الحسن کو پی ایس ایل کے متعدد میچز پاکستان میں دیکھنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے اور پی سی بی ان سے رواں سال بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان بھیجنے کی درخواست کرے گا۔باوثوق ذرائع نے بتایا کہ رواں سال بنگلہ دیش کی خواتین اور یوتھ ٹیم کی بھی پاکستان آمد کا قوی امکان ہے۔