سڈنی (آئی این پی)ویرات کوہلی اِن دنوں آسٹریلیا میں جاری ٹیسٹ سیریز میں بھارتی ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں۔بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ایک زرعی تحقیقی سینٹر نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گرلڈ چکن کے بجائے ‘کڑک ناتھ چکن’ کھائیں۔واضح رہے کہ گذشتہ برس گوراو کپور کے ایک یوٹیوب شو ‘بریک فاسٹ وِد چیمپیئن’ میں ویرات کوہلی نے انکشاف کیا تھا کہ وہ دوپہر کے کھانے میں گرلڈ چکن اور میشڈ پوٹاٹوز (میش کیے گئے آلو) کھانے کو ترجیح دیتے ہیں۔
شاید اسی انٹرویو کو سننے کے بعد مدھیا پردیش کے زرعی تحقیقی سینٹر کرشی وگیان کیندر نے بھارتی کرکٹ بورڈ اور ویرات کوہلی کے نام ایک خط لکھ ڈالا۔اپنے خط میں سینٹر نے لکھا کہ ‘میڈیا رپورٹس سے معلوم ہوا ہے کہ ویرات کوہلی اور ٹیم کے دیگر کھلاڑی گرلڈ چکن کھاتے ہیں، لیکن اس میں کولیسٹرول اور فیٹس کی زیادتی کی وجہ سے آپ اس کا استعمال ترک کردیں۔سینٹر نے مزید لکھا کہ ‘کڑک ناتھ چکن میں کولیسٹرول اور فیٹس کی مقدار کم اور پروٹین اور آئرن کی خصوصیات زیادہ ہوتی ہیں۔