بینونی(آئی این پی) پاکستان نے پریکٹس میچ میں جنوبی افریقہ انوی ٹیشن الیون کو6وکٹوں سے شکست دیدی ، میچ کے تیسرے اور آخری روزپاکستان نے 195رنزکا ہدف امام الحق اور حارث سہیل کی شاندار بلے بازی کے باعث 4وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ حارث سہیل نے 73 رنز جبکہ امام الحق نے 66 رنز کی شاندار اننگ کھیلی،جبکہ شان مسعود 24اور فخرزمان 18رنز بنا سکے۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کو بینونی میں کھیلے گئے سہ روزہ پریکٹس میچ کے آخری روز جنوبی افریقہ انوی ٹیشن الیون نے اپنی دوسری اننگز1وکٹ کے نقصان پر 45رنز پر دوبارہ شروع کی تو جنوبی افریقہ انوی ٹیشن الیون نے7وکٹوں پر182رنز پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کر دی اور پاکستان کو جیت کیلئے195رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے 40.2اوورز میں4وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں حارث سہیل نے 73، امام الحق نے 66، شان مسعود 24، فخرزمان 18 اورفہیم اشرف 7رنز بنائے۔ واضح رہے کہ سہ روزہ پریکٹس میچ میں جنوبی افریقہ انوی ٹیشن الیون نے پہلی اننگز میں7وکٹوں پر318رنز جبکہ دوسری اننگز میں 7وکٹوں پر182رنز بنائے جبکہ پاکستان نے پہلی اننگز میں7وکٹوں کے نقصان پر306اور دوسری اننگز میں4وکٹوں کے نقصان پر 195رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 سے 30 دسمبر تک سنچورین میں کھیلا جائیگا۔پاکستانی ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں جنوبی افریقہ میں موجود ہے اور گرین شرٹس اپنے دورے کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کے علاوہ پانچ ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 3سے 7جنوری، تیسرا اور آخری ٹیسٹ 11 سے 15 جنوری تک کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ 19 جنوری، دوسرا میچ 22 جنوری، تیسرا میچ 25 جنوری، چوتھا میچ 27 جنوری جبکہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کھیلا جائے گا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ یکم فروری، دوسرا میچ 3 فروری جبکہ تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔