کراچی(آئی این پی)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر عماد وسیم نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں دعوی کیا ہے کہ جب وہ بولنگ کرتے ہیں تو خود کو مکمل بولر، اور جب بیٹنگ کرتے ہیں تو خود کو ایک بلے باز کے طور پر لیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ میں ایک آل راونڈر ہوں۔
جو بیٹنگ اور بولنگ دونوں سے پاکستان کو میچز جتوا سکتا ہوں۔فٹنس مسائل کا شکار ہونے کے باعث کچھ عرصے ٹیم سے باہر رہنے کے بعد عماد وسیم کی واپسی ہوئی تو انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف کھیلی گئی ٹی ٹوینٹی سیریز کے پہلے اور دوسرے میچ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور کینگروز کے خلاف جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تاہم تیسرے میچ میں ان کی بولنگ کچھ متاثر نہ کرسکی۔آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ سیریز میں بھی ان کی کارکردگی ملی جلی رہی، جب ان سے کارکردگی میں عدم تسلسل پر تنقید کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ناقدین کا کام تنقید کرنا ہے، میں نے ہمیشہ اپنی سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کی ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی کروں گا۔انہوں نے خود کو اسٹار آل رانڈر بوم بوم شاہد خان آفریدی کا متبادل قرار دینے سے انکار کیا اور کہا کہ شاہد آفریدی ایک سپر اسٹار ہیں اور انہوں نے جو پاکستان کیلئے پرفارم کیا اس کا میں سوچ بھی نہیں سکتا اور نہ ہی ان کی برابری کر سکتا ہوں۔عماد وسیم نے دورہ جنوبی افریقہ میں اچھی کارکردگی کے عزم کا اظہار بھی کیا۔