لاہور(آئی این پی)پاکستان کر کٹ بورڈ(پی سی بی) نے آئندہ ڈومیسٹک سیزن سے فرسٹ کلاس کرکٹ کا نیا نظام لانے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید نے ماسٹر پلان تیارلیا ہے اور اس بارے میں حتمی منظوری (آج)منگل کو لاہور میں پی سی بی بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ میں دی جائے گی۔اس فارمولے پر عمل درآمد کے بعد وزیراعظم عمران خان کی
وہ پرانی خواہش پوری ہوجائے گی کہ ملک میں فرسٹ کلاس ٹیموں میں صرف ریجنل ٹیمیں حصہ لیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے سال 8ریجنل ٹیمیں قائد اعظم ٹرافی کھیلیں گی ،ان ٹیموں کو ایک ایک ڈپارٹمنٹ چلائے گا۔ اگلے سال قائد اعظم ٹرافی کے 8ٹاپ ڈپارٹمنٹس 8ریجنل ٹیموں کا انتظام چلائیں گے۔ہارون رشید نے اس سلسلے میں مختلف ڈپارٹمنٹ کے نمائندوں سے بھی رائے لی ہے۔ پی سی بی اتفاق رائے سے ایسا نظام لانا چاہتا ہے جس میں کوالٹی کرکٹ ہو تاہم یہ بات طے ہے کہ کوئی بھی ڈپارٹمنٹ کی ٹیم اگلے سیزن میں ایکشن میں دکھائی نہیں دے گی۔ذرائع کا کہنا ہے ریجنل ٹیموں کا انتظام ڈپارٹمنٹ کے پاس جانے کے بعد ریجن کے منتخب نمائندوں کی حیثیت کیا ہوگی اس بارے میں بہت کچھ طے ہونا باقی ہے۔ اس وقت ڈپارٹمنٹس کی ٹیموں کے پاس جو کرکٹرز اور کوچنگ اسٹاف ہے ان کا مستقبل بھی خطرے میں پڑ گیا ہے کیونکہ ہر ریجن کے کھلاڑیوں کا انتخاب پی ایس ایل فرنچائزوں کی طرز پر ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ایک ریجن کے تمام اخراجات ایک ایک ڈپارٹمنٹ کے سپرد کردیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں پی سی بی نے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی تھی جس میں واپڈا کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین، کے آر ایل کے ایاز بٹ، لاہور ریجن کے شاہ ریز روکڑی، پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید، ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ مدثر نذر، جنرل منیجرعثمان واہلہ اور منیجر ڈومیسٹک ثاقب عرفان شامل تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل مزمل کا کہنا ہے کہ فارمولے کو مزید بحث کیلئے بورڈ آف گورنرز کے سامنے لایا جائے۔ تاہم اگلے سال سے ڈپارٹمنٹل کرکٹ ٹیمیں ختم ہوجائیں گی اور ریجن کا انتظام ڈپارٹمنٹ چلائیں گے۔ ریجن کا پروفیشنل سیٹ اپ بنایا جائے گا جس میں ایم ڈی کا تقرر کیا جائے گا جبکہ ہر ریجن اور ڈپارٹمنٹ مل کر کھلاڑیوں کی تنخواہوں اور مراعات کا تعین کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کی میٹنگ سے قبل کوئٹہ ریجن کے مراد اسماعیل کے عہدے کی معیاد پوری ہوگئی ہے۔ سیالکوٹ ریجن میں الیکشن نہیں ہوسکیں گے۔