لاہور(سپورٹس ڈیسک) لاہور ٹور کے دوسرے روز آئی سی سی ورلڈ کپ ٹرافی کی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں نمائش کی گئی۔انیس سو بانوے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے رکن سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد ٹرافی کے ساتھ لاہور کے معروف تعلیمی ادارے پہنچے، جہاں ان کا شاندار استقبال دیکھنے کو ملا۔ یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبا نے ٹرافی اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان لمحات کو یادگار بنایا۔فوٹو اور سیلفیز سیشن کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشتاق احمد کا کہنا تھاکہ92 کی ٹرافی کو تھامنا کیریئر کا سب سے یادگار لمحہ تھا۔ اگلے سال ہونے والے ورلڈکپ کی ٹرافی کو ہاتھ میں پکڑنے کی بھی بہت
خوشی ہورہی ہے۔ اس ٹرافی کی پاکستان آمد کا مقصد میگا ایونٹ کے لئے سب میں جوش وخروش کو بڑھانا ہے۔ اس کے ساتھ پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج مزید اجاگر ہوگا۔انہوں نے کہا پاکستانی ٹیم یہ ٹرافی جیتنے کی مکمل اہلیت رکھتی ہے اور مجھے یقین ہے کہ سرفراز احمد اس ٹرافی کو ہمیشہ کے لئے پاکستان لانے میں ضرور سرخرو رہیں گے۔ میری نیک تمنائیں پوری قومی ٹیم کے لئے ہیں۔ قومی ٹیم نے انگلینڈ کی سرزمین پر جس طرح آئی سی سی ٹرافی جیتی اس طرح اب یہ ورلڈ کپ میں کامیابی پائے گی۔ اس موقع پر طالبات نے ٹرافی کی آمد کو اپنے اور اپنی درسگاہ کیلئے ایک اعزاز قرار دیا۔