پیرس(سپورٹس ڈیسک) گالف کے ایک مقابلے کے دوران امریکی گالفر بروکس کوئیپکا کے غلط شاٹ سے قریب موجود خاتون مداح کی آنکھ ضائع ہوگئی جس پر انہوں نے گالفر کے خلاف قانونی کارروائی کرنے پر غور شروع کردیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق
یہ واقعہ یورپ اور امریکا کی ٹیموں کے درمیان فرانس میں جاری گالف ٹورنامنٹ رائیڈر کپ 2018 کے دوران پیش آیا۔ایونٹ کے پہلے روز امریکی گالفر بروکس کوئیپکا سے میچ کے ابتدائی شاٹ (ٹی شاٹ) کے دوران غلطی ہوگئی اور گیند 49 سالہ مداح کورین ریمانڈ کی دائیں آنکھ پر جا لگی۔متاثرہ خاتون نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ ڈاکٹرز نے ان سے کہا ہے کہ ان کی آنکھ ضائع ہوگئی ہے اور اب وہ اس آنکھ سے دوبارہ نہیں دیکھ سکیں گی۔کورین ریمانڈ کا کہنا تھا کہ وہ امریکی گالفر کے خلاف قانونی چارہ جوئی پر غور کر رہی ہیں تاہم انہوں نے اس اقدام کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس قانونی چارہ جوئی کا مقصد اپنے میڈیکل بلز کی ادائیگی ہے۔اپنے زخمی ہونے کے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کورین ریمانڈ کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ اچانک ہوا، جب گیند لگی تو درد نہیں ہوا، تاہم خون بہنے لگا۔انہوں نے اپنی آنکھ کی حالت کے بارے میں بتایا کہ ڈاکٹرز نے جب ان کا اسکین کیا تو اس سے واضح ہوگیا کہ ان کی دائیں آنکھ کے ساکٹ میں فریکچر ہے ٗ ان کی آئی بال بھی ضائع ہوچکی ہے۔