لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف)نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لیے ایک اور کوشش کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پی ایچ ایف کا پرومو جاری کیا ہے۔یوٹیوب پر جاری ہونے والے 33سیکنڈ کے اس پرومو کے شروع میں سب سے پہلے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور کا فضائی منظر دکھایا گیا ہے جس کے فوری بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نام اور عمران خان کی تصویر دکھائی گئی ہے جس کے نیچے واضح الفاظ میں پیٹرن انچیف پاکستان ہاکی فیڈریشن لکھا گیا ہے، اس کے بعد
پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈئیر خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری شہباز احمد سینئر کی تصاویر کے ساتھ عہدے ظاہر کئے گئے ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ مالی مشکلات کا شکار پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیدار وزیراعظم عمران خان سے مل کر فنڈز حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں،چند روز قبل بھی پی ایچ ایف عہدے داروں نے آئی پی سی منسٹر فہمیدہ مرزا سے ملنے کی کوشش کی تھی تاکہ ان کے ذریعے عمران خان سے ملاقات کی جاسکے تاہم آئی پی سی منسٹر کی سیاسی مصروفیت کی وجہ سے یہ ملاقات نہ ہو سکی۔