لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا آغاز آج ہفتہ سے پاکستان اے اور آسٹریلیا کے درمیان چار روزہ میچ سے ہوگا جس میں قومی اے ٹیم کی قیادت اسد شفیق جب کہ مہمان ٹیم کی قیادت ٹم پین کریں گے۔دورے کے واحد پریکٹس میچ کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے مرحلے میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ 7اکتوبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کی تیاریوں کے لیے تمام کھلاڑیوں کو (کل)اتوار تک دبئی پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے، اظہر علی لندن سے دبئی میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔
فاسٹ بولر محمد عباس کی لاہور سے روانگی کا پروگرام بنایا جارہا ہے۔ٹیسٹ میچز میں شاندار پرفارمنس دینے والے محمدعباس بھرپور کاونٹی سیزن کھیل کر آئے ہیں اور ان سے اس سیریز میں بھی بہت امیدیں وابستہ کی گئی ہیں، دوسرے کرکٹرز سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، حارث سہیل، بابر اعظم، حسن علی، شاداب خان اور فہیم اشرف واپس نہیں آئے وہ دبئی میں ہی موجود ہیں۔اعلان کردہ 17 رکنی ٹیم کے وہاب ریاض، اسد شفیق، میرحمزہ، عثمان صلاح الدین، یاسر شاہ، بلال آصف اے ٹیم کی نمائندگی کررہے ہیں۔