لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے سابق فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے الزامات پر مایوسی ہوئی۔پی سی بی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق موجودہ اور سابق تمام غیرملکی اسٹاف کے ساتھ پی سی بی کے اچھے تعلقات ہیں، اسٹیورکسن ایک اچھے کوچ تھے، انہوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ محنت کی۔
ریکسن نے 2 سال تک ٹیم کی فیلڈنگ بہتر کرنے میں مدد دی۔ترجمان پی سی بی کے مطابق اسٹیو رکسن کے بے بنیاد الزامات پرحیرانی ہوئی، پی سی بی اسٹیو رکسن کے الزامات کی سختی سے تردیدکرتاہے، غیرملکی کوچنگ اسٹاف کو کرکٹ بورڈ کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسٹیو رکسن نے اپنے انٹرویو میں پی سی بی کو غیرپیشہ وارانہ اور بیوقوف قرار دیا تھا، اسٹیو رکسن نے الزام لگایا تھا کہ اسٹاف کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جاتی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رکسن نے جاتے وقت فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کی بات کی تھی، سابق فیلڈنگ کوچ کو تمام رقوم قوانین کے مطابق ادا کی گئی تھیں، پی سی بی نے اسٹیو رکسن کو ورلڈ کپ تک ان کی شرائط پر کام کرنے کی پیشکش کی تھی۔ذرائع کے مطابق غیر ملکی تبادلوں میں قوانین کے مطابق تاخیر ہونا معمول کی بات ہے، اسٹیو رکسن کو لاہور کے ماحول سے مسئلہ تھا، ان کیلئے وہاں کرنے کو کچھ نہیں، اسٹیو رکسن ہر سیریز میں قوانین کے برخلاف بونس کے بھی طلبگار تھے۔