ممبئی(آئی این پی)بھارتی ٹیم کے آل راؤنڈر یووراج سنگھ نے کہا ہے کہ آئندہ برس شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد اپنے مستقبل کے بارے فیصلہ کروں گا۔ ٹیم میں کم بیک کرنے کیلئے پر امید ہوں اور مقصد کے حصول کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔ یووراج سنگھ 2011 میں منعقدہ ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کے ہیرو تھے۔ انہوں نے میگا ایونٹ میں عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے
ٹیم کو 28 برس بعد عالمی چیمپئن بنوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا تاہم ان دنوں انہیں ٹیم سے دوری کا سامنا ہے جس کے باعث ان کے مستقبل پر سوالیہ نشان ثبت ہو گیا ہے۔یووراج نے آخری بار جون 2017 میں ون ڈے میچ میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ابھی کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اسلئے کھیل کو جاری رکھیں گے، آئندہ برس ہونے والے ورلڈکپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ رواں برس شیڈول آئی پی ایل میرے کیریئر کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کوشش ہو گی کہ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے نہ صرف ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کروں بلکہ بھارتی ٹیم میں کم بیک کروں۔انہوں نے کہا کہ کیریئر کے ابتدائی چھ سات برس تک میں کیریئر کی بلندی پر رہا اور اس کے بعد کینسر کی وجہ سے بھی میرا کیریئر بری طرح متاثر ہوا لیکن اس کے باوجود میرے حوصلے پست نہیں ہوئے، کینسر سے صحت یاب ہونے کے بعد بھی مجھے ملک کی نمائندگی کا موقع ملا اسلئے پوری امید ہے کہ دوبارہ بھارت کی نمائندگی کا موقع ملے گا اور ہدف کے حصول کیلئے سخت محنت کر رہا ہوں۔