دبئی(سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے کہاہے کہ ٹیم کی فیلڈنگ بہترین بنانا میرا ہدف ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے نئے فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے گزشتہ روز ہی ٹیم کو دبئی میں جوائن کیا اور پہلے روز کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس سیشن کی نگرانی کی۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے گرانٹ بریڈ برن کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ پہلے روز ٹریننگ سیشن اچھا رہا اور ٹیم میں شریک کھلاڑیوں کی فٹنس اور فیلڈنگ اچھی ہے۔گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ
خوش آئند بات یہ کہ پاکستانی کھلاڑی سیکھنے کے لیے تیار ہیں اور فیلڈنگ کی بنیادی تکنیک سے بخوبی واقف ہیں۔فیلڈنگ کوچ نے عزم کا اظہار کیا کہ ان کا ہدف ٹیم کی فیلڈنگ بہترین بنانا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان کی 16 رکنی ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کے لیے دبئی میں موجود ہے جہاں ایونٹ کا باقاعدہ آغاز 15 ستمبر کو بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان میچ سے ہوگا۔قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 16 ستمبر کو ہانگ کانگ اور ایونٹ کے سب سے بڑے ٹاکرے 19 ستمبر کو بھارت کے خلاف مدمقابل ہوگی۔