نیویارک(سپورٹس ڈیسک)سربیا کے ٹینس کھلاڑی نواک جوکووچ نے ارجنٹائین کے ڈیل پورٹو کو شکست دے کر یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا ہے۔نیویارک میں کھیلے جانے والے یو ایس اوپن کے فائنل میں نواک جو کو وچ نے اپنے حریف ڈیل پورٹو کو 6۔3، 7۔6 اور 6۔3 سے فرق سے شکست دی۔یہ نواک جوکووچ کے کریئر کا مجموعی طور پر 14 واں گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے۔واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں ویمبلڈن ٹورنامنٹ جیتنے والے 31 سالہ جوکووچ کا یہ تیسرا یو ایس اوپن ٹائٹل ہے۔
نواک جوکووچ 2008، 2011، 2012، 2013، 2015 اور 2016 میں آسٹریلین اوپن، 2016 میں فرینچ اوپن، 2011، 2014، 2015 اور 2018 میں ویمبلڈن جبکہ 2011، 2015 اور 2018 میں یو ایس اوپن جیت چکے ہیں ٗجوکووچ کے علاوہ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر 20 جبکہ سپین کے رافیل نڈال 17 ٹائٹل جیت چکے ہیں۔اس سے پہلے یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے خواتین کے فائنل میں جاپانی ٹینس سٹار نوامی اوساکا نے سرینا ولیمز کو 2۔6 اور 4۔6 سے فرق سے ہرایا۔اوساکا نے پہلے سیٹ میں سرینا پر واضح برتری قائم رکھی۔