لاہور (سپورٹس ڈیسک ) قومی ٹیم کے اوپنر بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ میں اعصاب پر قابو رکھنے والی ٹیم فائدے میں رہے گی ،ویرات کوہلی بہترین کھلاڑی ہے لیکن اس کی عدم موجودگی میں بھی بھارتی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں اور شائقین کرکٹ کوروایتی حریفوں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے
فخر زمان نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ نے تمام کھلاڑیوں کی فٹنس کیلئے ایک جیسا پلان بنایا اور کھلاڑیوں نے اس پر بھرپو رمحنت کی ۔ایشیاء کپ کے مقابلوں کے لئے تمام کھلاڑی بھرپور محنت کر رہے ہیں اور کارکردگی دکھانے کے لئے پر عزم ہیں اورقوم کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم ہوں اور میری کوشش ہو گی کارکردگی کا تسلسل بر قرار رکھوں۔ بھارت کے خلاف لمبی اننگز کھیلنے کی کوشش کروں گا۔ اوپر کے نمبرز پراچھی شراکت داری قائم کی جائے تاکہ مڈل آڈر پر دباؤ نہ آئے ۔ انہوں نے ویرات کوہلی کی بھارتی ٹیم میں عدم شمولیت کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ویرات کوہلی بہترین کھلاڑی ہے لیکن ان کے بغیر بھی ٹیم تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ۔ بھارت سے اعصاب شکن مقابلہ ہو گا اور دونوں ٹیموں میں جو بھی اپنے اعصاب پر قابو رکھے گی اسے فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ عرب امارات ہمارے لئے ہوم گراؤنڈ کی مانند ہے جس کا ہمیں تھوڑا بہت ایڈوانٹج ہوگا ۔