لندن(سپورٹس ڈیسک)انگلش ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز اوپننگ بلے باز ایلسٹر کک نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہے اور بھارت کو آئندہ میچ میں بھی شکست دینے کے لئے پرعزم ہے۔ انگلینڈ نے بھارتی ٹیم کو چوتھے میچ میں 60 رنز سے شکست دیکر نہ صرف میچ میں کامیابی حاصل کی بلکہ پانچ میچوں کی سیریز میں بھی 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ۔اپنے ایک بیان
میں سابق انگلش کپتان نے کہا کہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی پر وہ بہت خوش ہیں اور اب پوری ٹیم کی تمام تر توجہ سیریز کے آئندہ میچ پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم نے بھارت کے خلاف عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ ایلسٹر کک نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔ ایلسٹر کک نے ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ بلاشبہ بھارتی ٹیم کا شمار ٹیسٹ کی نامور ٹیموں میں ہے اور اس کو آئندہ میچ میں شکست دینے کے لئے تمام کھلاڑیوں کو سو فیصد کارکردگی دکھانا ہوگی۔