اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کرکٹ کی دنیا کےعظیم امپائر علیم ڈار کا کہنا ہے کہ مجھے داڑھی کی وجہ سے بیرون ملک شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، امیگریشن پر روک کر میری تلاشی لی جاتی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےان کا کہناتھا کہ تلاشی کے دوران جب امیگریشن عملے کو کچھ نہیں ملتا تو انہیں شرمندگی ہوتی ہوگی، فخر ہے کہ داڑھی کی وجہ سے پاکستان کا سفیر بن گیا ہوں۔ اس سے قبل ایک سوال کے جواب میں انہوں نے داڑھی رکھنے کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ
جنوبی افریقہ کے بلے باز ہاشم آملہ نے داڑھی رکھنے کی درخواست کی اور اس کی اہمیت کو اجاگر کیا، ہاشم آملہ نے مجھے داڑھی رکھنے کی طرف مائل کرتے ہوئے گزارش کی کہ داڑھی رکھ لیں، افریقی بلے باز کی اس بات نے بہت متاثر کیا جس کے بعد میں نے داڑھی رکھنے کا فیصلہ کیا۔علیم ڈار نے پسندیدہ امپائر کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں کہا کہ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے امپائر سٹیو بکنر کی امپائرنگ نے ہمیشہ متاثر کیا بلکہ وہی میرے پسندیدہ ترین امپائر ہیں۔