دبئی(سپورٹس ڈیسک)ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں پاکستانی پوزیشن بدستور خطرے سے باہر ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیم رینکنگ میں بھی پاکستان کی ٹاپ پوزیشن فی الحال خطرے سے باہر ہے ٗ گرین شرٹس کو دوسری پوزیشن کی حامل بھارتی ٹیم پر8 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے ٗ آسٹریلیا تیسرے، انگلینڈ چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں، جنوبی افریقہ چھٹے اور ویسٹ انڈیز ساتویں نمبر پر ہے۔
افغانستان کی ٹیم آٹھویں پوزیشن پر موجود ہے ٗسری لنکا کا نواں اور بنگلہ دیش کا دسواں نمبر ہے۔بولرز رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن بدستور افغانستان کے راشد خان کے قبضے میں ہے جبکہ شاداب خان دوسرے نمبر پر ہیں ٗآئرلینڈ کیخلاف افغان ٹیم کی سیریز میں 2۔0 کی کامیابی کے بعد جاری ہونیوالی رینکنگ میں کھلاڑیوں کی ٹاپ پوزیشنز پر کوئی ردبدل دیکھنے میں نہیں آیا جہاں ٹاپ 20 بولرز میں شامل دوسرے پاکستان محمد عامر ہیں جوکہ 13 ویں نمبر پر موجود ہیں۔اسی طرح بیٹسمینوں میں آسٹریلیا کے ایرون فنچ کی پہلی پوزیشن ہے جبکہ پاکستان کے فخر زمان دوسرے اور بابر اعظم پانچویں نمبر پرہیں۔ افغانستان کے ہارڈ ہٹرحضرت اللہ زازئی نے کیریئر بیسٹ 514 پوائنٹس کی صورت میں پایا جس کی بدولت وہ بیٹسمین رینکنگ میں 39 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جہاں پر محمد شہزاد بدستور ٹاپ رینکڈ افعان پلیئر ہیں جوکہ 647 پوائنٹس کے ساتھ 13 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ بولرز میں مجیب الرحمان نے سب سے زیادہ 25 درجے کی چھلانگ سے 38 ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔