لاؤڈرہل(سپورٹس ڈیسک) شیمرون ہٹمائر اور شعیب ملک نے امریکا میں رنگ جمادیا۔کاغذوں پر یہ جمیکا تلاواز کا ہوم میچ تھا مگر لاؤڈ ہل میں ہوم فیلڈ ایڈوانٹیج گیانا ایمازون واریئرز کو ہی حاصل ہوا، اس کو سپورٹ کرنے کیلئے 4ہزار سے زائد تماشائی وینیو میں موجود اور وہ تلاواز کا جینا دوبھر کیے ہوئے تھے، ان کی بھرپور سپورٹ سے اعتماد پانے والی مہمان ایمازون کی ٹیم نے 7وکٹ پر 209رنز بنائے۔
یہ اس گراؤنڈ پر سی پی ایل کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے، اس سے قبل یہاں پر تلاواز کے ہی خلاف پرانی ٹیم سینٹ لوشیا زوکس نے 2016میں 206کا بڑا مجموعہ بنایا تھا۔اس میں بڑا حصہ ہٹمائر کا تھا جن کو آخری بار اس وینیو پر کھیلے گئے اپنے میچ میں ایمازون نے بنچ پر بیٹھا تھا مگر اس بار یہاں پر میدان سنبھالنے کے بعد 21سالہ ہٹمائر نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو کامیابی کی راہ پر ڈالا، انھوں نے 49بالز پر پورے 100رنز بنائے جس میں 11چوکے اور 5چھکے شامل تھے، اس طرح وہ اس ٹورنامنٹ میں سنچری اسکور کرنے والے نہ صرف کم عمر ترین کرکٹر بنے بلکہ وہ امریکی سرزمین پر یہ کارنامہ انجام دینے والے بھی اس لیگ کے پہلے کھلاڑی بنے۔شعیب ملک کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں انھوں نے 108 رنز جوڑے، انھیں تھامس نے پاول کی مدد سے قابو کیا، شعیب ملک کو سنتوکی کی گیند پر عماد وسیم نے ایکسٹرا کور پر کیچ کیا۔سنتوکی، آندرے رسل اور تھامس نے دودو وکٹیں لیں جبکہ عماد 3 اوورز میں 35 رنز دینے کے باوجود وکٹ سے محروم رہے۔جواب میں 210 رنز ہدف کا تعاقب کرنے والی جمیکا تلاواز کی ٹیم جلد ہی راہ سے بھٹک گئی، جس کا نتیجہ 16.2اوورز میں 138رنز آل آؤٹ کی صورت میں نکلا، فلپس نے سب سے زیادہ 43اور روس ٹیلر نے 30رنز بنائے، عماد وسیم 14رنز تک محدود رہے۔ گرین اور عمران طاہر نے دودو وکٹیں لیں۔