اسلام آباد/نئی دہلی(سپورٹس ڈیسک)بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے بھارت میں ہونے والی تنقید مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں انہیں بے پناہ عزت ملی، عمران خان بھارت کے ساتھ پْرامن تعلقات چاہتے ہیں۔ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں نوجوت سنگھ سدھو آرمی چیف سے گرم جوشی سے ملے، انہیں گلے سے لگا لیا، پاکستانیوں کی مہمان نوازی پر سدھو خوش ہو گئے۔سدھو نے کہا کہ پاکستان آکر انہیں عزت افزائی محسوس ہوئی اور عمران خان بھارت کے ساتھ
پرامن تعلقات کے خواہاں ہیں بھارت کو بھی ایک قدم آگے بڑھانا چاہیے۔دوسری جانب سابق بھارتی کپتان کپل دیو سدھو کی حمایت میں آگئے ہیں اور کہا ہے کہ سدھو کا پاکستان جانا آرمی چیف سے گلے ملنا کوئی بری بات نہیں انہوں نے پاکستان جاکر کچھ غلط نہیں کیا۔بھارتی اینکرپرسن راج دیپ سردیسائی اور بھارتی صحافی عذیر حسن رضوی نے سدھو کے دورہ پاکستان کو سراہا اور کہا کہ بھارت کی عوامی شخصیت کا عمران خان کی حلف برداری میں بطور مہمان شرکت مثبت اقدام ہے۔