لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان کا کہنا ہے کہ ان کے کپتان سرفراز احمد سے بہت اچھے تعلقات ہیں، نیوی میں نوکری کے دوران کراچی میں بہت وقت گزارا ہے جس کی وجہ سے کپتان کے ساتھ ان کے تعلقات بہت اچھے ہیں۔ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان نے انکشاف کیا کہ کپتان سرفراز احمد جب بھی غصہ کرتے ہیں تو وہ مسکرا دیتے ہیں۔فخر زمان کا کہنا تھا کہ میرے مسکرانے کی وجہ سے کپتان مزید غصہ ہو جاتے ہیں تاہم کبھی ان کے غصے کا برا نہیں منایا کیونکہ وہ میرے لئے بڑے بھائی کی حیثیت رکھتے ہیں۔جارح مزاج بلے کا کہنا
ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں تاہم اب ان کا ہدف ٹیسٹ کرکٹ میں جگہ پکی کرنا ہے۔فخر زمان نے کہا کہ انھیں 40 سے زائد فرسٹ کلاس میچز کھیلنے کا تجربہ ہے اور اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنا گیم پلان بناں گا۔ گفتگو کے دوران انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ میں ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اپنا انتخاب درست ثابت کروں گا۔یاد رہے زمبابوے کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر کپتان سرفراز احمد نے اس بات کا اشارہ دیا تھا کہ انہیں بہت جلد ٹیسٹ ڈیبیو کروایا جاسکتا ہے۔ اس سے قبل بھی فخر زمان ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔