لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد بھی ڈیمز کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالنے میں پیچھے نہ رہے ، جاوید میانداد نے 1992ء کے عالمی کپ میں استعمال ہونے والی گیند نیلامی کے لیے پیش کر دی ہے، اس کی نیلامی سے جو رقم حاصل ہو گی وہ چیف جسٹس آف پاکستان کے ڈیمز سپورٹ پروگرام فنڈ میں جمع کرائی جائے گی،
پاکستان کے سابق معروف کرکٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک اثاثہ اپنے پاس سنبھال کر رکھا ہوا تھا جسے وہ ملک میں ڈیمز کی تعمیر کے لیے نیلام کرنا چاہتے ہیں۔ جاوید میانداد نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ اس وقت کا کوئی بیٹ بھی ان کے پاس ہوتا مگر صرف ایک گیند ہی ہے جسے وہ فلاحی مقصد کی خاطر دینا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کی یہ گیند امپائر برائن ایلڈرج نے اس وقت دی تھی جب وہ قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے کرائسٹ چرچ میں تھے۔جاوید میانداد نے اپنے بیان میں کہا کہ برائن ایلڈرج نے یادگار گیند انہیں یہ کہتے ہوئے دی تھی کہ پاکستان کو عالمی کپ جتوانے میں آپ کا بھی اہم کردار تھا اس وجہ سے یہ گیند آپ کے پاس ہی ہونی چاہئے۔جاوید میانداد نے کہا کہ وہ یہ گیند ڈیمز کی تعمیر کے لیے نیلام کرنا چاہتے ہیں اور وہ لوگ جو دنیا بھر میں میرا یہ بیان سن رہے ہیں وہ یہ سمجھیں کہ وہ اپنا پیسہ جاوید میانداد کو نہیں بلکہ ڈیمز کی تعمیر اور آنے والی نسلوں کی بھلائی کے لیے دے رہے ہیں۔