اسلام آباد ( آن لائن )زلمی فاؤنڈیشن کے تعاون سے پاکستان سپرلیگ کی ٹیم پشاور زلمی نے 7 اگست سے خیبر پختون خواہ میں ’’ آزادی کپ ‘‘ کروانے کا اعلان کر دیاہے۔تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کا کہناتھا کہ اس ایونٹ کا مقصد یوم آزادی کا جشن منانا اور نوجوانوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرناہے۔
نوجوان نسل کو کرکٹ کے ایونٹس میں مصروف عمل کرنے کیلئے پشاور زلمی نئے منصوبوں کے ساتھ سامنے آئی اور سرفہرست رہی جس کے باعث اس نے بڑی کامیابی سمیٹی ہیں۔پاکستان میں کرکٹ کی بنیاد کو مضبوط کرنے کی بے حد ضرورت ہے اور یہ ٹورنامنٹ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے ایک اور قدم ہے ، جس میں کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر کے ان کو مزید تراشا جائے گا۔ آزادی کپ میں 60 ٹیمیں حصہ لیں گی اور ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گی ، جن میں سے بہترین کارکردگی دکھانے والی چھ ٹیمیں فائنل راؤنڈ میں پہنچیں گی۔