کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے سانحہ مستونگ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی عیادت کی۔ شاہد آفریدی نے مستونگ خودکش حملے میں جاں بحق ہونے والے بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے رہنما سراج رئیسانی کے اہلخانہ سے بھی تعزیت کی جس کے بعد وہ سانحے کے زخمیوں کی عیادت کے لیے سی ایم ایچ پہنچے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ’بلوچستان کے لوگوں میں تبدیلی دیکھی ہے۔
اور یہاں کے لوگ جانتے ہیں کہ مشترکہ دشمن کے خلاف کیسے متحد رہا جائے۔‘ واضح رہے کہ چند روز قبل بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے امیدوار کے قافلے پر خودکش حملے میں سراج رئیسانی سمیت 140 سے زائد افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ نگراں صوبائی وزیر داخلہ آغا عمر بنگلزئی اور سول ڈیفنس ڈائریکٹر اسلم ترین کا کہنا تھا کہ حملہ خود کش تھا جس میں 8 سے 10 کلوگرام بارودی مواد اور بال بیئرنگ استعمال کی گئی تھیں۔